بل گیٹس کے مرنے کے بعد ان کی اولاد کو کیا ملے گا؟
مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا شمار دنیا کے امیر ترین اشخاص میں ہوتا ہے۔ ان کے پاس موجود اثاثوں کی مالیت اربوں ڈالرز بنتی ہے، لیکن اس کے باوجود بل گیٹس نے مرنے کے بعد اپنی اولاد کیلئے کچھ بھی چھوڑ کر نہ جانے کا ارادہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بل گیٹس کا کہنا تھا کہ میرے تینوں بچوں کو اس بات کا اچھی طرح احساس ہے کہ میں اور میری اہلیہ ملنڈا کیوں اپنی دولت عطیہ کر رہے ہیں۔ بچوں کو ہمارے اس فیصلے پر فخر ہے۔ بل گیٹس نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے بچوں کو بلین ڈالرز کے اثاثے دینے کے بجائے بہترین تعلیم دینا چاہتا ہوں تا کہ وہ اپنا کیریئر خود سے شروع کر سکیں۔
خیال رہے کہ بل گیٹس کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ایسا بھی نہیں ہے کہ میرے مرنے کے بعد میری اولاد بالکل غریب ہو جائے گی۔ انھیں مالی تحفظ بے شک رہے گا۔ تاہم انھیں زندگی میں اپنے پاؤں پر خود سے کھڑا ہونا پڑے گا۔