لندن میں فضائی آلودگی کا اندازہ لگانے کے لیے کبوتروں کا استعمال
لندن: دنیا کے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی ایک عام اور خطرناک مسئلہ بن چکی ہے اس لیے لندن میں اس کی درست پیمائش کے لیے کبوتروں کی پشت پر الیکٹرانک سینسر لگائے گئے ہیں۔
لندن میں فضائی آلودگی کا انداز لگانے کے لیے 10 کبوتروں کو ان کی پشت پر جدید ترین الیکٹرانک سینسر لگا کر چھوڑا گیا ہے جو اگلے چند روز تک شہر کی فضاؤں میں پرواز کرکے آلودہ گیسوں کو نوٹ کریں گے۔ ان میں سے تین کبوتروں سے حاصل ہونے والا ڈیٹا فوری طور پر متعلقہ علاقے میں آلودگی سے حقیقی وقت میں آگاہ کرے گا جب کہ اس اقدام سے بہت اچھے انداز میں فضائی آلودگی کی پیمائش کی جاسکتی ہے۔
پورے منصوبے کا نام ’’پجن ائیرپیٹرول‘‘ ہے جس کے ذریعے مؤثر انداز میں دنیا کا ایک خوفناک مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے اور اس کے حل کے لیے راہیں برآمد ہوسکیں گی۔ ماہرین کا محتاط اندازہ ہے کہ صرف لندن میں ہی ہرسال فضائی آلودگی اور امراض سے 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔ اس طرح لندن کے لوگوں کو ان کے شہر کی فضائی آلودگی کا اندازہ بھی ہوسکتا ہے
کبوتروں پر ہلکے پھلکے سینسر لگائے گئے ہیں جو ان کی پرواز میں رکاوٹ نہیں ڈالتے۔ اس کے بعد لندن کے مختلف افراد پر آلودگی ناپنے والے 100 سینسر بھی لگانے کا منصوبہ زیرِ غور ہے۔