
گیلیکسی نوٹ سیون کی پروڈکشن بند
جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے مبینہ طور پر اپنے سمارٹ فون گیلیکسی نوٹ سیون فونز کی پروڈکشن بند کر دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کمپنی نے جو متبادل فراہم کیا ہے اس میں بھی بیٹری کا سنگین مسئلہ ہے۔
خبررساں ایجنسی روئٹرز اور جنوبی کوریا کی خبررساں ایجنسی یونہاپ نے کمپنی کے حکام کے حوالے سے یہ خبر دی ہے کہ کمپنی نے عارضی طور پر نوٹ سیون سمارٹ فون بنانا بند کر دیا ہے۔
سام سنگ نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اسے بند کرنے کی خبر کی نہ تصدیق کر سکتے ہیں اور نہ ہی تردید لیکن انھوں نے یہ بتایا کہ وہ اس کی کوالٹی کو بہتر بنانے کے لیے اسے درست کر رہے ہیں۔
دو امریکی نیٹورکس کے اس فون کی فروخت یا اس کا متبادل فراہم کرنا بند کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے۔
بیٹری میں خرابی کے متعدد واقعات کے بعد حال ہی میں سام سنگ نے نوٹ سیون کی فروخت روک دی تھی اور صارفین سے کہا تھا کہ وہ اپنے نوٹ سیون فون کو نئے ترمیم شدہ نوٹ سیون فون سے تبدیل کروا لیں۔
لیکن امریکہ میں تبدیل کیے جانے والے کم از کم دوگیلیکسی نوٹ سیون سمارٹ فون میں بھی آگ بھڑک اٹھنے کی اطلاعات ہیں۔
یاد رہے کہ نوٹ سیون کی بیٹریوں میں خرابی کے باعث کمپنی نے اسے واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ اس ماڈل کے بعض فونز کی بیٹری چارج ہونے کے دوران پھٹ گئی تھیں جس کے بعد کمپنی نے فون کو واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔
بشکریہ بی بسی نیوز