What Do Your Eyes Say About You?


جانیے آپ کی آنکھیں آپ کی شخصیت کے بارے میں کیا کہتی ہیں
نیویارک: (آن لائن نیوز)آپ کی آنکھیں صرف آپ کی شخصیت ہی کے بارے میں نہیں بتاتیں بلکہ ان کی رنگت سے آپ کی صحت کا درست اندازہ بھی لگایا جاسکتا ہے۔آنکھوں کی رنگت صرف شخصیت ہی کے بارے میں نہیں آپ کی صحت کی آئینہ دار بھی ہوسکتی ہیں۔

قیافہ شناسی یعنی چہرہ دیکھ کر شخصیت کا پتا چلانے والے علم میں آنکھوں کی بناوٹ اور رنگت کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ اب ان پرانی معلومات میں نئی سائنسی تحقیقات کے نتائج بھی شامل ہوچکے ہیں جنہیں دیکھ کر آپ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی شخصیت اور صحت، دونوں کے بارے میں بخوبی جان سکتے ہیں۔

بھوری (براؤن) آنکھیں
آنکھوں کی بھوری رنگت جسم میں ’’میلانن‘‘ نامی مادّے کی زیادہ مقدار ہونے کی علامت ہوتی ہے۔ بھوری آنکھوں والے لوگ عام طور پر زیادہ طاقتور اور حاکمانہ مزاج کے حامل ہوتے ہیں اور انہیں دوسروں کی رہنمائی کرنا اچھا لگتا ہے۔ وہ وفادار اور احترام کرنے والے ضرور ہوتے ہیں لیکن کسی کی ماتحتی میں آنا وہ مشکل ہی سے گوارا کرتے ہیں۔

تحقیقی رپورٹ کے مطابق جن لوگوں کی آنکھیں زیادہ بھوری ہوتی ہیں وہ دوسروں کے مقابلے میں 2 گھنٹے کم نیند لیتے ہیں اور یوں زیادہ بیدار رہتے ہیں۔

نیلی (بلیو) آنکھیں
جسمانی و دماغی طور پر مضبوط ہونا اور مقابلے میں ثابت قدم رہنا نیلی آنکھوں والے لوگوں کی ایک اہم خوبی ہے۔ نیلی آنکھوں والی خواتین کے ایک مطالعے میں دریافت ہوا کہ یہ خواتین تکالیف کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور جلد ہی اپنے معمولات زندگی میں واپس آجاتی ہیں۔

سرمئی (گرے) آنکھیں
اگرچہ سرمئی آنکھیں بہت کم لوگوں میں ہوتی ہیں لیکن درحقیقت یہ روشن نیلی آنکھوں ہی کی تھوڑی سی مختلف شکل ہیں۔ البتہ ان لوگوں کی شخصیت ’’نیلی آنکھوں والی‘‘ سے بہت الگ ہوتی ہے۔ سرمئی آنکھوں والے لوگ عام طور پر دوسروں کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے ہیں مگر ان کی اپنی شخصیت ایک عجیب قسم کے دُہرے پن کا شکار بھی ہوتی ہے۔ وقت اور حالات کے تحت ان میں سے کوئی بھی پہلو زیادہ نمایاں ہوسکتا ہے۔ ہلکی سرمئی رنگت والی آنکھوں کے مالک لوگ زیادہ گھلنا ملنا پسند نہیں کرتے اور اجنبیوں سے ملاقات کرنے میں بھی بہت محتاط رہتے ہیں۔ وہ کسی کے ساتھ ایک طویل عرصہ گزارنے کے بعد ہی اسے اپنے دوستوں کی فہرست میں شامل کرتے ہیں۔

سبز (گرین) آنکھیں
سبز آنکھوں کو پراسرار شخصیت کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے لیکن درحقیقت یہ لوگ زیادہ پرکشش اور دوسروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے والے ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ وہ خودمختار، تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور اور شدید دباؤ تک میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہوتے ہیں۔ اگرچہ ان کے بارے میں کوئی پیش گوئی تو نہیں کی جاسکتی کہ وہ کب کیا کر بیٹھیں گے لیکن وہ اپنے غصے کو بہت دیر تک قابو میں بھی رکھ سکتے ہیں۔

بادامی آنکھیں 
آنکھوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بادامی رنگ والی آنکھیں صرف ایک سیکنڈ میں اپنی رنگت سبز سے بھوری کرسکتی ہیں کیونکہ ان کی رنگت دراصل ان ہی دو الگ الگ رنگوں کے آپس میں ملنے کا نتیجہ ہوتی ہے۔ بادامی رنگت کی آنکھوں والے لوگ عام طور پر آزادی پسند، بے حد خود اعتماد اور زندگی سے حسبِ خواہش سب کچھ حاصل کرنے ہر طرح کی کوشش کرنے والے ہوتے ہیں۔

لیکن یونیورسٹی آف ساؤتھ آسٹریلیا میں ہونے والی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ بادامی رنگت والی آنکھوں کی وجہ متعلقہ جین میں عدم توازن ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان لوگوں کو ہاضمے اور جگر کی صحت کے شدید مسائل کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔

Popular Posts